اسلام آباد : وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ میگا کرپشن کیس میں چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو تمام 14 مقدمات سے بری کر دیا ہے۔ پہلے ہی یوسف رضا گیلانی 12 مقدمات میں بری ہو چکے تھے، اس طرح اب وہ کل 26 مقدمات میں سے مکمل طور پر بری ہو گئے ہیں۔
عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ثبوتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم کے اکاؤنٹس میں کرپشن کی کوئی رقم نہیں آئی۔ عدالت نے مزید کہا کہ بارہ سالوں سے یہ مقدمات چل رہے ہیں اور کیس کے ایک گواہ کو غلط طور پر ملزم بنا دیا گیا ہے۔ کچھ مقدمات کا ریکارڈ ہائی کورٹ میں بھی موجود ہے۔یاد رہے کہ ٹڈاپ کرپشن کیسز کی تحقیقات 2009 میں شروع ہوئیں، ایف آئی اے نے 2013 میں مقدمات درج کیے اور 2015 میں یوسف رضا گیلانی کو حتمی چالان میں بطور ملزم شامل کیا گیا تھا۔