غزہ پر اسرائیلی بمباری تھمی نہیں، شہدا کی تعداد 116 سے تجاوز، قحط کا خدشہ شدید
غزہ میں اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری اور جارحیت جاری ہے، جس کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد کم از کم 116 ہو گئی ہے، جن میں خواتین، بچے اور پورے خاندان شامل ہیں۔ قطر کے نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی حملوں کا نشانہ نہ صرف مکانات بلکہ خیمے اور امدادی مراکز بھی بن رہے ہیں۔
خان یونس، الزوایدا، جبالیہ سمیت مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں۔ نصیرات پولیس کے ڈائریکٹر کرنل عمر سعید عقل اپنے خاندان سمیت شہید ہو گئے۔بحری ناکہ بندی کے باعث فلسطینی ماہی گیر بھی ظلم کا شکار ہیں۔ بھوک اور ادویات کی قلت سے ہسپتالوں میں اموات بڑھ گئی ہیں، الشفا اسپتال کے مطابق شیر خوار بچے اور مریض بھوک سے جان کی بازی ہار رہے ہیں۔ریڈ کراس اور اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینی عوام قحط کے دہانے پر ہیں۔ امدادی ٹرک مصر کی سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ اسرائیل اب بھی ناکہ بندی ختم کرنے پر آمادہ نہیں۔