انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے سالانہ اجلاس کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے 2027، 2029 اور 2031 کے فائنلز انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے زیر اہتمام انگلینڈ میں منعقد ہوں گے۔آئی سی سی نے ای سی بی کی 2021، 2023 اور 2025 کے فائنلز کی کامیاب میزبانی کو سراہتے ہوئے اسے مسلسل تین ایڈیشنز کے لیے میزبانی کا حق دیا۔اجلاس میں افغانستان سے تعلق رکھنے والی نقل مکانی کرنے والی خواتین کرکٹرز کے لیے ایک خصوصی سپورٹ پروگرام پر بھی پیشرفت ہوئی۔
یہ پروگرام آئی سی سی، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی)، ای سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی آئی سی سی کے ڈپٹی چیئر عمران خواجہ کر رہے ہیں۔اس پروگرام کا مقصد اعلیٰ کارکردگی کے مواقع، ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور 2025 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ اور 2026 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس میں شمولیت کے ذریعے ان کھلاڑیوں کی مدد کرنا ہے۔
آئی سی سی نے امریکی کرکٹ بورڈ (یو ایس اے کرکٹ) کو ہدایت کی ہے کہ وہ تین ماہ کے اندر شفاف اور منصفانہ انتخابات کرائے تاکہ گورننس کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔بورڈ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر مناسب اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔اجلاس کے دوران مشرقی تیمور اور زمبیا (زمبیا کرکٹ یونین) کو آئی سی سی کی ایسوسی ایٹ رکنیت دی گئی جس سے آئی سی سی کے کل ممبران کی تعداد 110 ہو گئی ہے۔