اسلام آباد : پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 221 ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد اور 3 بچے شامل ہیں، جب کہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 221 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 804 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب رہا ہے جہاں بارشوں کے نتیجے میں 135 افراد جاں بحق اور 470 افراد زخمی ہوئے۔ یہاں 168 مکانات جزوی طور پر اور 24 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 40 افراد کی ہلاکت ہوئی، 69 افراد زخمی ہوئے اور 142 مکانات جزوی طور پر جبکہ 78 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ سندھ میں 22 افراد کی جان گئی اور 40 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 54 مکانات جزوی طور پر اور 33 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق ہوئے اور 4 زخمی ہوئے، یہاں 56 مکانات جزوی طور پر اور 8 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ گلگت بلتستان میں 3 افراد زخمی ہوئے اور 71 مکانات جزوی طور پر جبکہ 66 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔آزاد کشمیر میں بھی بارشوں کا اثر دیکھا گیا، جہاں 1 شخص جاں بحق ہوا اور 6 افراد زخمی ہوئے، 75 مکانات جزوی طور پر اور 17 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ اسلام آباد میں بھی بارشوں کے نتیجے میں ایک شخص کی جان گئی اور 35 مکانات جزوی طور پر جبکہ ایک مکان مکمل طور پر منہدم ہوا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق، حالیہ بارشوں سے مزید 5 افراد کی جان گئی، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 25 مکانات منہدم ہو گئے اور 5 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس قدرتی آفت کے متاثرین کی امداد کے لئے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات کو کم کیا جا سکے۔