اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے اور یہاں تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں کو معیاری تربیت کے ساتھ بہترین رہائش اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے پولیس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے اہلکاروں کو اعلیٰ معیار کی تربیت اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاہم نیشنل پولیس اکیڈمی کو جدید خطوط پر استوار کریں گے تاکہ اہلکار بہترین طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔
وزیراعظم نے وزارتوں کی کارکردگی کے حوالے سے بھی کہا کہ ہر دو ماہ بعد کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور بہتر نتائج نہ دینے والے محکموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے محنت کر رہی ہے اور ایلیٹ فورس کا مقصد نہ صرف اعلیٰ حکام کا تحفظ بلکہ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ بھی ہے۔شہباز شریف نے ملک میں دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ادارے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کر رہے ہیں اور اہلکار جان نچھاور کر رہے ہیں۔