کراچی:وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے دورِ اقتدار میں کسی بھی سیاسی رہنما کو قید نہیں کیا گیا، کیونکہ ان کا طرزِ سیاست ہمیشہ مفاہمت اور برداشت پر مبنی رہا ہے۔
ایک بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے ہمیشہ اپنے بدترین مخالفین کے ساتھ بھی مفاہمانہ رویہ اپنایا۔ "بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جب ملک شدید جذباتی کیفیت میں تھا، تب آصف زرداری نے ‘پاکستان کھپے’ کا نعرہ لگا کر قوم کو تقسیم ہونے سے بچایا۔”
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے خود 11 سال قید کاٹی لیکن اقتدار میں آنے کے بعد کبھی کسی سے انتقام نہیں لیا۔ "آج پاکستان کو ایسی ہی بردبار اور دوراندیش قیادت کی ضرورت ہے جو انتقام کے بجائے جمہوریت اور رواداری کو ترجیح دے۔”شرجیل انعام میمن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کی سیاسی فضا ایک بار پھر کشیدگی کا شکار ہے، اور مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان تناؤ بڑھ رہا ہے۔