لیہ:اڈے چلانے والی خواتین اور خواجہ سرا سر عام نوجوان نسل کو دعوت گناہ دینے لگے
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ضلع لیہ کے مختلف علاقوں میں برائی کے اڈوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے عوام کو شدید پریشان کر دیا ہے۔ کروڑ لعل عیسن، کوٹ سلطان، سٹی لیہ، چوک اعظم اور فتح پور سمیت دیگر مقامات پر غیر اخلاقی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، جہاں خواتین اور خواجہ سرا سر عام نوجوان نسل کو گناہ کی دعوت دے رہے ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ان اڈوں پر نہ صرف آئس، چرس، پاؤڈر اور دیگر منشیات کا کھلے عام استعمال ہوتا ہے بلکہ خرید و فروخت بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے جرائم میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ نوجوان نسل منشیات اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر تعلیم و صحت سے دور ہو رہی ہے جبکہ ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اور دیگر ادارے اس سنگین مسئلے پر کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں، جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے لئے یہ اڈے محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں۔ مزید برآں، جشم فروشی کے باعث موذی امراض جیسے ہیپا ٹائٹس اور ایڈز کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ مقامی لوگ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر ان برائی کے اڈوں کو بند کر کے علاقے کو امن و امان کی بحالی فراہم کی جائے۔ ورنہ لوگ اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں اور علاقہ غیر محفوظ ہوتا جا رہا ہے۔