لیہ:ہیومن ریسورس، فرنٹ ڈیسک روم، حوالات اور گرفتار ملزمان کے ریکارڈ کا جائزہ
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ محمد علی وسیم نے تھانہ کوٹ سلطان اور تھانہ پیر جگی کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او نے تھانوں میں موجود ہیومن ریسورس، فرنٹ ڈیسک، حوالات اور گرفتار ملزمان کے ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈی پی او محمد علی وسیم نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانہ میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل کو فوری طور پر سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر تھانوں کی سیکورٹی مزید بہتر اور الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار رہے۔
ڈی پی او نے اس بات پر زور دیا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ شہریوں کی جان، مال، عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور اس مقصد کے حصول میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تھانوں میں صفائی ستھرائی، ریکارڈ کی درستگی اور اہلکاروں کی حاضری کو بھی چیک کیا، اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔