نئی دہلی: کانگریس کے رہنما گورو گوگوئی نے مودی حکومت کی جانب سے آپریشن سندور میں ناکامیوں پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے سوال کیا کہ مودی سرکار نے کس کے سامنے ہتھیار ڈالے اور کس کے آگے سر جھکایا؟ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے کئی مرتبہ یہ کہا گیا کہ بھارت کو جنگ بندی پر مجبور کیا گیا۔گورو گوگوئی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے پانچ چھ مہنگے جہاز کھوئے ہیں، اب حکومت بتائے کہ اصل میں کتنے جہاز گرائے گئے؟ بھارتی میڈیا نے تو ایسا تاثر دیا جیسے بھارتی فوج کراچی تک پہنچ گئی ہو، لیکن مودی حکومت کمزور پڑ گئی۔
انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ جی سیون اجلاس کے مشترکہ بیان میں پاکستان کا ذکر کیوں شامل نہیں تھا؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مالی مدد فراہم کر رہے ہیں، تو مودی حکومت خارجہ پالیسی میں کیا کر رہی ہے؟