اسلام آباد : پاکستان نے چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے اپنا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ (PRSS-1) کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ کوئژو-1 اے راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا اور اب یہ مقررہ مدار میں داخل ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تصدیق کی کہ سیٹلائٹ اپنی منزل تک پہنچ چکا ہے۔ پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ ملکی خلائی تحقیق میں اہم سنگ میل ہے اور زمین کی نگرانی کے حوالے سے پاکستان کی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا۔
یہ جدید سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ، ماحولیاتی تحفظ، زرعی نقشہ سازی، پانی کے وسائل کے انتظام اور جنگلات کی کٹائی کی نگرانی میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کے ذریعے سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات کے بروقت انتباہات بھی دیے جا سکیں گے۔یہ منصوبہ سپارکو، چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ اور مائیکروسیٹ چین کے تعاون سے عمل میں آیا ہے۔