بنوں / باجوڑ : خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی کا شدت پسندوں کے خلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران اب تک مجموعی طور پر 34 شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بنوں میں آپریشن کے دوران 11 شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ 3 زخمی شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، درجنوں مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ باجوڑ میں بھی کارروائی جاری ہے، جہاں اب تک 23 شدت پسند مارے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، اور گرفتار افراد سے اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔