راولپنڈی: چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 98 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی اور چین کی مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں چین کے سفیر نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ اور سفارتخانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چینی وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔فیلڈ مارشل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے ملکی دفاع، سلامتی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کو "باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم” کا مظہر قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات آزمائش کی ہر گھڑی میں مضبوط اور ثابت قدم رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی اور علاقائی سٹریٹیجک صورتحال کے باوجود پاک چین دوستی میں کوئی لغزش نہیں آئی۔تقریب کے دوران چینی سفیر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کی جانب سے تقریب کے انعقاد پر اظہارِ تشکر کیا، اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا۔چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ سٹریٹیجک شراکت داری کے تسلسل اور ہر سطح پر تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔