لیہ:سرکاری واجبات کی مکمل وصولی یقینی بنائی جائے، کسی کو رعایت نہ دی جائے۔ محمد شاہد ملک
لیہ (نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں سرکاری واجبات کی سو فیصد وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے، اس سلسلے میں کسی کو رعایت نہ دی جائے۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر تمام متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کیے جائیں اور سخت اقدامات کیے جائیں۔ وہ ضلع لیہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں پلس پراجیکٹ، کھیوٹ کے معاملات، آبیانہ کی وصولی اور صحت مراکز کی مانیٹرنگ سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریونیو افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے کہا کہ "پلس پراجیکٹ ایک عوامی فلاحی اقدام ہے، جس سے شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے، لہٰذا افسران محنت اور دیانت داری سے کام کریں تاکہ اس منصوبے کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔” انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ صحت مراکز کی خصوصی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا معیار بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو صحت کی سہولتیں بروقت میسر آئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے اجلاس کے اختتام پر تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور تمام اہداف بروقت مکمل کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔