لیہ:تحصیلدار نوید زبیر وٹو کا آر ایچ سی لدھانہ کا اچانک دورہ
لیہ (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صحت مند پنجاب” کے وژن کو عملی شکل دینے کے لئے لیہ میں انتظامی اور صحت کے شعبے میں بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی خصوصی ہدایت پر انتظامی افسران نے صحت کے مراکز کا اچانک اور سرپرائز وزٹ کیا تاکہ مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور صفائی کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر تحصیلدار نوید زبیر وٹو نے بھی آر ایچ سی لدھانہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات، دواؤں کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تحصیلدار نے عملے کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور صحت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ نوید زبیر وٹو نے اس موقع پر صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا اور ایک پودا لگا کر اس مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند پنجاب کے لئے نہ صرف طبی سہولیات بلکہ صاف اور سرسبز ماحول بھی انتہائی ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ مریضوں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صحت مراکز کی حالت بہتر بنانے اور صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس موقع پر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا جس نے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیں گے۔