لیہ:چک نمبر 149 بی ٹی ڈی اے کا رہائشی ایک اور ایف سی اہلکار جام شہادت نوش کر گیا
لیہ (نیوز رپورٹر) وطن عزیز کی خاطر اپنی جان نچھاور کرنے والے مزید ایک بہادر سپاہی نے قربانی کی عظیم مثال قائم کر دی۔ چک نمبر 149 بی ٹی ڈی اے، لیہ سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ ایف سی اہلکار حوالدار مجاہد حسین نے طویل علالت کے بعد سی ایم ایچ ملیر کراچی میں جامِ شہادت نوش کیا۔ ذرائع کے مطابق، شہید مجاہد حسین دورانِ ڈیوٹی بیمار ہوئے اور طویل عرصے تک زیر علاج رہے۔
اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے نبھاتے انہوں نے جان کی بازی ہار دی، اور ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔ شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے میں فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کے ساتھ ساتھ اہلِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر بھی موجود تھے۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
شہید مجاہد حسین نے اپنے پیچھے ایک بیوہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ ان کی شہادت نہ صرف خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے فخر کا باعث بن گئی ہے۔ علاقہ مکینوں نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے، اور حوالدار مجاہد حسین نے یہ رتبہ حاصل کر کے اپنے علاقے اور وطن کا سر فخر سے بلند کر دیا۔