لیہ:ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کا چک 120 ٹی ڈی اے بنیادی ہیلتھ یونٹ کا معائنہ
لیہ (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار کی زیر صدارت منڈی ٹاؤن کے یونین کونسل آفس ٹیل انڈس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، تحصیلدار، نائب تحصیلدار سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوامی شکایات کو بغور سنا اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلعی سطح پر کھلی کچہریوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ایک ہی چھت تلے فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ امیر ابیدار نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کا فوری اور شفاف حل ہے، اور ریونیو افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بنیادی ہیلتھ یونٹ چک نمبر 120 ٹی ڈی اے کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملے کی حاضری کو چیک کیا۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر دیگر تحصیلوں میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ کروڑ لعل عیسن میں اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال ہنجرا نے تھل جنڈی یونین کونسل آفس 98 ایم ایل میں کھلی کچہری لگائی جبکہ چوبارہ میں اسسٹنٹ کمشنر نعمان محمود نے چک 452 ٹی ڈی اے کے یوسی آفس میں شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے لیے اقدامات کیے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریاں عوام کے ساتھ براہِ راست رابطے کا موثر ذریعہ ہیں، جن کے ذریعے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے بلکہ انتظامی کارکردگی میں بھی بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا اور شہریوں کو سفارش کے بغیر فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔