لیہ:ایس پی ٹریفک ریجن ڈی جی خان خالد محمود شاہ کا ٹریفک آفس لیہ کا دورہ کیا
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ایس پی ٹریفک ریجن ڈیرہ غازی خان خالد محمود شاہ نے لیہ ٹریفک آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹریفک عملے سے ملاقات کی اور ٹریفک نظام میں بہتری کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے۔
ایس پی خالد محمود شاہ کی زیر نگرانی ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں، غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز استعمال کرنے والوں اور بلیک پیپر لگی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
اس موقع پر ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر عرفان اشرف، ڈی ایس پی ٹریفک ظفر اقبال، انچارج ٹریفک مظفر مہدی اور انچارج ایجوکیشن ساجد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ٹیم نے شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پر کارروائیاں کیں۔ ایس پی ٹریفک خالد محمود شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیورز، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں اور غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو قوانین کا پابند بنانا ضروری ہے۔ اس ضمن میں ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا گیا ہے، جس کے ذریعے عوام کو ہیلمٹ کے استعمال، کم عمر ڈرائیونگ سے اجتناب اور بلیک پیپر کے نقصانات سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ایس پی خالد محمود شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ محفوظ ٹریفک نظام قائم کیا جا سکے۔