لیہ:ممبر صوبائی اسمبلی سمعیہ عطا شہانی، ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے موٹر بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں
لیہ (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع لیہ میں محکمہ لائیو سٹاک کو 90 موٹر بائیکس فراہم کر دی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد جانوروں کی بروقت ویکسی نیشن، علاج، سرویلنس اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ موٹر بائیکس کی حوالگی کی تقریب محکمہ لائیو سٹاک آفس لیہ میں منعقد ہوئی، جس میں مہمانِ خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی سمعیہ عطا شہانی اور ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ویٹرنری سٹاف میں بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر اے ڈی سی آر شاہد ملک، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد طارق گدارہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں یہ ایک انقلابی قدم ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کا عکاس ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف دور دراز علاقوں میں خدمات کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے گی بلکہ ویٹرنری سٹاف کو ویکسینیشن، مصنوعی نسل کشی اور جانوروں کے علاج میں آسانی بھی حاصل ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا کہ لائیو سٹاک کا شعبہ پنجاب کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
جانوروں کی بروقت دیکھ بھال سے مالی نقصانات کی روک تھام ممکن ہو گی اور دیہی معیشت مستحکم ہو گی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق گدارہ کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک ضلع بھر میں سروسز کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، اور موٹر بائیکس کی فراہمی اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ لائیو سٹاک لیہ میں اس اقدام سے نہ صرف علاج معالجہ کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ سرویلنس اور مانیٹرنگ کے نظام کو بھی تقویت ملے گی۔