لیجنڈز لیگ کے فائنل میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
برمنگھم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شرجیل خان نے 44 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ شعیب ملک نے 25 گیندوں پر صرف 20 رنز بنائے۔ آصف علی نے 15 گیندوں پر 28 رنز بنائے، جن میں 1 چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔ عمر امین 19 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ولجین اور وین پارنیل نے 2،2 دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقا نے 196 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے اے بی ڈی ویلیئرز نے 60 گیندوں پر ناقابل شکست 120 رنز بنائے، جس میں 12 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی اس ٹورنامنٹ کی تیسری سنچری تھی۔
جے پی ڈومنی 28 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگ میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔جنوبی افریقا کے واحد آؤٹ ہونے والےکھلاڑی ہاشم آملہ تھے جنہوں نے 14 گیندوں پر 18 رنز بنائے، انہیں سعید اجمل نے آؤٹ کیا۔