لاہور : پاکستان کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ کی تیاریاں ہر طرف عروج پر ہیں، اور شہروں میں خوشی کا سماں ہے۔ لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سبز ہلالی پرچم، بیجز، ٹوپیاں، جھنڈیاں اور دیگر جشن آزادی سے متعلق سامان کے سٹالز سج چکے ہیں۔
شہری جوش و جذبے سے خریداری میں مصروف ہیں، اور ہر طرف آزادی کی خوشیوں کا رنگ چھایا ہوا ہے۔ بچے، بزرگ اور نوجوان سبھی جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے اپنے گھروں، دفاتر اور گاڑیوں کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے سجا رہے ہیں۔چھوٹے بچوں کے لیے خصوصی جشن آزادی لباس، اور نوجوانوں کے لیے سبز ہلالی پرچم والی شرٹس بھی ان سٹالز سے خریدی جا رہی ہیں۔ دکانوں، گھروں، اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں، اور نوجوان اپنی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی قومی پرچم سے سجا کر سڑکوں پر نکلے ہیں۔
پاکستانی شہریوں کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے، اور مہنگائی کے باوجود جشن آزادی منانے کا جوش ہر کسی میں برقرار ہے۔ یہ لمحے نہ صرف آزادی کی خوشی کو منانے کے ہیں بلکہ ملک کے عظیم الشان سفر کو یاد کرنے اور اس کی قدر کرنے کے بھی ہیں۔یوم آزادی کی تیاریاں پورے ملک میں مکمل ہو چکی ہیں اور چودہ اگست کو پاکستانی عوام شایانِ شان طریقے سے جشن آزادی منانے کے لیے تیار ہیں۔