لیہ:سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمدڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرحارث حمیدخان کی شرکت
لیہ (نیوز رپورٹر) ضلع لیہ میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول میں ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز اٹھانا تھا۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، چیف ایگزیکٹو آفیسرتعلیم ڈاکٹر عبدالقیوم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
سیمینار کے دوران پرچم کشائی کی گئی اور پاکستانی و کشمیری پرچم لہرائے گئے۔ اس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی جس میں طلباء، اساتذہ، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کا ظالمانہ اقدام ہے، جس کے ذریعے کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کیا ہے، اور دنیا کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور قانونی حمایت جاری رکھے گا، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔ سی ای او تعلیم ڈاکٹر عبدالقیوم نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد لازمی ہے، اور کشمیری عوام پر بھارتی غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔
سیمینار میں تعلیمی افسران اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا۔ کشمیر کی آزادی کی حمایت، عالمی برادری کی توجہ کا مطالبہ کیا۔ سیمینار اور ریلی کے ذریعے ایک بار پھر یہ پیغام دیا گیا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیے اور اس معاملے پر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔