لاہور: پاکستانی کرکٹرز محمد عامر اور عماد وسیم کو دی ہنڈرڈ 2025 سیزن کے لیے ناردرن سپرچارجرز اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو بین ڈورشوئس اور مچل سینٹنر کی جگہ متبادل کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
اس سے قبل یہ خدشات موجود تھے کہ دی ہنڈرڈ کی ٹیموں کے کئی مالکان کے بھارت سے تعلق ہونے کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ سے باہر رکھا جا سکتا ہے، خاص طور پر کیونکہ ناردرن سپرچارجرز یکم اکتوبر سے بھارتی میڈیا گروپ ’سن‘ کے کنٹرول میں آ جائے گی۔یاد رہے کہ مارچ 2025 میں ہونے والے ڈرافٹ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو منتخب نہیں کیا گیا تھا، جس پر سابق کھلاڑیوں اور مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے یہ قیاس آرائیاں بھی کی گئیں کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مالکان کے دباؤ کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا گیا۔
تاہم انگلش کرکٹ بورڈ (ECB) نے ان تمام خدشات کو مسترد کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو دی ہنڈرڈ سے باہر نہیں کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق پاکستانی ٹیم کی اس دوران بین الاقوامی مصروفیات، جیسے ویسٹ انڈیز کا دورہ اور یو اے ای میں سہ فریقی سیریز، بھی کھلاڑیوں کی عدم شمولیت کی ایک بڑی وجہ تھی۔اب محمد عامر اور عماد وسیم کی شمولیت سے ناردرن سپرچارجرز کو خاصی تقویت ملی ہے۔ ٹیم میں اگرچہ انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس بھی شامل ہیں، لیکن وہ کندھے کی سرجری کے باعث 2025 سیزن میں شرکت نہیں کریں گے۔