پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کےلیے آنے والی ان کی بہنوں کو پولیس نے چکری روڈ پر روک دیا۔
پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان ، عظمیٰ خان، نورین نیازی اور بانی پی ٹی آئی کے کزن قاسم خان کو چکری روڈ پر روکا۔تحریک تحفظ آئین کے رہنما محمود اچکزئی، رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ اور شاندانہ گلزار کو بھی روک دیا گیا۔
اسی دوران سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی اڈیالہ جیل پہنچ گئے جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی۔گورکھپور اور داہگل پر پولیس ناکے قائم کردیے گئے، رائٹ منیجمنٹ فورس کے خصوصی دستے بھی تعینات ہیں۔یاد رہےکہ انتظامیہ نے راولپنڈی اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے جلسے ،جلوس، ر یلیوں اور 4 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔