سوشل میڈیا پر اپنے مختلف انداز میں گانے گانے کی وجہ سے مشہور چاہت فتح علی خان نے خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دے دیا۔
چاہت فتح علی خان سوشل میڈیا پر عجیب و غریب انداز میں گانے گاکر مشہور ہوئے، اپنے مختلف انداز میں گانے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر انہیں اکثر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔حال ہی میں چاہت فتح علی خان نے ایک انٹرویو دیا جہاں ان سے پاکستان کے ٹاپ گلوکاروں کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
چاہت فتح علی نے خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عاطف اسلم ایک اچھے گلوکار ہیں، ان کی ایک نئی آواز ہے جس کے باعث لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عاطف اسلم کا گلوکاری میں آغاز اچھا نہیں تھا لیکن اب وہ پوری دنیا میں مشہور ہیں، لوگ نئے گلوکاروں کو سننا چاہتے ہیں، اس لیے عاطف گلوکاری میں پاکستان میں دوسرے نمبر پر آتے ہیں۔چاہت فتح علی نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کو گلوکاری میں تیسرا نمبر دیا۔