گلگت بلتستان :گلگت بلتستان کے علاقے دنیور نالے میں مٹی کے تودے کے گرنے سے 8 مقامی رضاکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مقامی رضاکار سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی بحالی کے کام میں مصروف تھے اور مٹی کا تودہ اچانک ان پر گر گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق، حادثے میں مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ 3 افراد زخمی ہو کر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مقامی افراد بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں اور صوبائی سیکرٹری صحت کو زخمیوں کے علاج کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔