اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ امریکہ نے پاکستان کی عسکری و سفارتی پوزیشن کو مضبوطی بخشی ہے، جہاں انہوں نے کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کے ذریعے بھارت کے دہشتگردانہ چہرے کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، امریکہ نے فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیمیں قرار دے کر پاکستان کے موقف کی تصدیق کی ہے، جو فیلڈ مارشل کی کاوشوں کا مظہر ہے۔ اس فیصلے سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے مزید واضح ہو گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ نے فتنہ الہندوستان کے ساتھ براہِ راست روابط قائم کیے اور دہشتگردانہ کارروائیوں کے لیے مالی امداد فراہم کی۔ علاوہ ازیں، بھارت نے ان دہشتگردوں کو اپنے ملک میں علاج کی سہولیات بھی مہیا کیں۔
گودی میڈیا نے بھی فتنہ الہندوستان کی دہشتگردانہ کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی، جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے سیکیورٹی مشیر اجیت دوول نے بلوچستان میں اس تنظیم کے ساتھ روابط کا اعتراف کیا ہے۔کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے، سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کے دہشتگردانہ عزائم نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔
یہ پیش رفت پاکستان کی طرف سے دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی امن کے قیام کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو رہی ہے۔