لیہ:شہریوں کے تعاون سے ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نیازی
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نیازی نے کہا ہے کہ چوک اعظم کو ایک مثالی اور جدید سہولیات سے آراستہ شہر بنانا ان کا مشن ہے، جس کے لیے گزشتہ دو سالوں سے دن رات محنت کی جا رہی ہے۔ وہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع میانوالی کے رہائشی ہیں اور 31 مئی 2023 کو اسسٹنٹ کمشنر چوک اعظم کا چارج سنبھالا۔ چارج سنبھالنے کے بعد سے شہری مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ شہریوں کے تعاون سے جناح ہال کی تعمیر و تزئین و آرائش مکمل ہو چکی ہے، جبکہ مذبحہ خانہ (سلاٹر ہاؤس) کی ازسر نو تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلال پارک اور چلڈرن پارک کی بحالی کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی، سیوریج، پارکس اور سڑکوں کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔
ایم ایم روڈ کے لیے ڈسپوزل اور نئی سڑک کی منظوری حاصل ہو چکی ہے، جس کے بعد چوک اعظم کی گلیوں میں بہنے والا پانی، جسے شہری "دریا” کہتے تھے، منظر عام سے ختم ہو جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نیازی نے بتایا کہ مینارِ یادگار کی بیوٹیفکیشن کا ٹینڈر بھی ہو چکا ہے اور اگلے ایک سال میں چوک اعظم کی شکل مکمل طور پر بدل جائے گی۔ انہوں نے صحافی برادری، سیاسی شخصیات اور عام شہریوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے چوک اعظم کی ترقی میں بھرپور ساتھ دیا۔