لیہ:چوری، منشیات فروشی، مسلح حملے اور دھمکیاں معمول، شکایات کے باوجود شنوائی نہیں
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق تھانہ چوک اعظم کی حدود میں وڑائچ پٹرولیم سروس کے سامنے جنگل کے رقبے میں آباد خانہ بدوشوں نے علاقے کے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ روز افزوں بڑھتے جرائم، دھونس دھمکیوں اور بے خوف کاروائیوں سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہو چکے ہیں، مگر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق خانہ بدوش مرد، خواتین اور بچے نہ صرف گھروں اور دکانوں سے چوری کرتے ہیں بلکہ معمولی سی بات پر جھگڑا، مار پیٹ اور گالی گلوچ کرتے ہیں۔ کئی واقعات میں مقامی دکانداروں پر کلہاڑیوں سے حملے کیے گئے جن سے متعدد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ یہ گروہ صرف چوری تک محدود نہیں بلکہ منشیات فروشی جیسے مکروہ دھندے میں بھی ملوث ہے۔ نشے کی لت میں مبتلا نوجوانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں نہیں آ رہے۔ متعدد شہریوں نے اسلحے کی نمائش، جان سے مارنے کی دھمکیوں اور کھلے عام غنڈہ گردی کی شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم کئی بار تھانہ چوک اعظم، محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ کو درخواستیں دے چکے ہیں، لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔”
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار اور ڈی پی او محمد علی وسیم گجر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے علاقے کو ان جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اور شہریوں کو اپنے تحفظ کے لیے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔