لیہ:ضلعی انتظامیہ کے 14 اگست کو خوش آمدید کہنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل
لیہ (نیوز رپورٹر) ضلع لیہ میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والے میگا پروگراموں کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ "معرکۂ حق: حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک” کے عنوان سے جاری تقریبات میں شہریوں کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار کرنے کے لیے مختلف ثقافتی، تفریحی اور قومی نوعیت کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
14 اگست کی مرکزی تقریب ڈی پی ایس بوائز وِنگ میں منعقد ہوگی جس کا آغاز صبح 9 بجے سائرن بجا کر کیا جائے گا، اس کے بعد پرچم کشائی اور قومی ترانہ پیش کیا جائے گا۔ صبح 9 بج کر 15 منٹ پر پولیس اور ریسکیو کے چاک و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے جبکہ 10 بجے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
اسی روز ڈی پی ایس گرلز وِنگ میں طلبہ کی جانب سے ہیومن فلیگ کا مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں دوپہر 12 بجے دارالامان کی خواتین، بچوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے مریضوں میں شیرینی تقسیم کی جائے گی۔ جشنِ آزادی کا آغاز 13 اگست کی شب ہی ہو جائے گا، جب رات 8 بجے اسپورٹس کمپلیکس میں ایک رنگا رنگ کلچرل جھومر اور محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے بعد رات 11 بج کر 55 منٹ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
مزید برآں، 14 اگست کو صبح 8 بجے ڈی سی آفس سمیت تمام سرکاری دفاتر میں قومی پرچم کشائی کی جائے گی۔ اسی روز شام 5 بجے شہر کے تمام مرکزی داخلی راستوں پر سبز اور سفید رنگ کے غبارے فضا میں چھوڑے جائیں گے تاکہ قومی پرچم کے رنگوں سے فضا کو معطر کیا جا سکے۔
جشنِ آزادی کے موقع پر "گرین پنجاب مہم” کے تحت ضلع بھر میں شجرکاری مہم بھی چلائی جائے گی، جس میں مختلف تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر پودے لگائے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور وطن سے محبت کا عملی مظاہرہ کریں۔