لاہور:یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے تمام 41 اضلاع میں ایک ساتھ آتش بازی، لیزر لائٹ شوز، میوزک کنسرٹس اور ڈرون شو کا انعقاد کیا گیا، جس نے 78 ویں یومِ آزادی کو ایک یادگار موقع بنا دیا۔
رات 12 بجتے ہی لاہور، راولپنڈی، مری، ملتان، فیصل آباد اور دیگر اضلاع کی فضاؤں میں رنگ برنگی روشنیوں کے شاندار نظارے بکھر گئے، جس سے شہریوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس تاریخی لمحے کو خوشی سے منایا۔یہ پہلی بار تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں اور بیک وقت سرکاری سطح پر جشن منایا گیا، جس میں ہزاروں شہریوں نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر شاندار ڈرون شوز اور ڈیجیٹل لائٹ پرفارمنسز نے خصوصی توجہ حاصل کی، خاص طور پر بچوں اور خواتین نے ان مناظر سے خوب لطف اٹھایا۔
تقریبات میں معروف فنکاروں نے "دل دل پاکستان” سمیت مقبول ملی نغمے پیش کئے، جن پر حاضرین نے خوب جھوم کر جشن منایا۔ مختلف اضلاع میں میوزک کنسرٹس کا بھی انعقاد کیا گیا، جبکہ پارکس، بازاروں، چوراہوں، سرکاری و نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی اپیل پر عوام نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور گھروں، گاڑیوں اور موٹر بائیکس پر قومی پرچم لہرا کر حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔
یہ جشنِ آزادی کی تقریبات یقینی طور پر پنجاب میں قومی یکجہتی اور فخر کا باعث بنیں۔