امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارک با دی اور انسدادِ دہشت گردی اور تجارت کے شعبے میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا انسداد دہشت گردی اور تجارت کے شعبے میں پاکستان سے روابط کو سراہتا ہے۔ساتھ ہی اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن سمیت نئے شعبوں میں اقتصادی تعاون کا خواہاں ہے۔مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ کاروباری روابط امریکیوں اور پاکستانیوں کے لیے ایک خوشحال مستقبل کو فروغ دینے کا باعث ہوں گے۔
امریکا میں پاکستان کے جشن آزادی کی پروقار تقاریب
اس کے علاوہ امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کا پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلق ہے کیونکہ وہ کراچی میں پیدا ہوئے۔سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی پاکستانی عوام کی سخاوت، نیکی اور عزم کا مشاہدہ کیا ہے۔علاوہ ازیں رکن کانگریس مائیک کیئر ی نے بھی پاکستانی قوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لیے انتہائی اہم ہے،جشن آزادی مبارک۔
ریاست میری لینڈ کے نمائندہ سینیٹر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مضبوط ہونا باعثِ پر فخر ہے۔ امریکی نژاد پاکستانی ہمارے ملک کے شعبے میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں اور چاہتا ہوں یہ تعلق مضبوط ہو۔کانگریس مین ٹام سوازی نے کہا کہ ان کے لیے پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین کے طور پر دونوں ملکوں کے درمیان اہم تعلقات کو منانے کا یہ ایک شاندار دن ہے۔ٹام سوازی کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ رشتہ کتنا اہم ہے۔ہمیں اپنے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید استوار اور معیشت کو فروغ دینے کی کی ضرورت ہے۔
تین دہائیوں تک امریکی خارجہ امور کمیٹی کے رکن کانگریس مین بریڈ شرمن نے کہا کہ وہ 14 اگست کے تاریخی لمحے پر پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔بریڈ شرمن نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امن، خوشحالی اور باہمی افہام و تفہیم کے حوالے سے اس تعاون کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔اس کے علاوہ امریکا میں پاکستانی نژاد سیاسی رہنماؤں نے بھی جشن آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد دی۔
امریکی ریاست پینسلو نیا کے رکن اسمبلی طارق خان نے کہا کہ ہمارے خاندان کو اپنے پاکستانی ورثے پر بہت فخر ہے۔ ہمیں امریکا اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات پر بھی بے حد فخر ہے۔نیو جرسی ریاستی اسمبلی کی پہلی مسلمان اور پہلی پاکستانی نژاد منتخب رکن شمع حیدر نے کہا کہ آج کے دن پاکستانیوں کو مبارکباد دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ آج ہم اس حوصلے، وژن اور قربانی کا جشن مناتے ہیں جس کی بدولت ہمیں مادر وطن کی نعمت نصیب ہوئی۔
شمع حیدر نے کہا کہ ہم جہاں بھی رہیں پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے۔ آئیے اپنے ورثے کی عزت کریں، اپنے اتحاد کو مضبوط کریں اور مل کر ترقی کے لیے کام کریں۔جشن آزادی پاکستان کے پرمسرت موقع پر خاتون رکن کانگریس ایویتی کلارک نے کہا کہ وہ امریکا اور پاکستان کے دیرنیہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور آپ کے ساتھ جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔امریکی کانگریس کے بلیک کاکس کی چیئرمین نے کہا کہ وہ ان ہزاروں لاکھوں پاکستانی امریکیوں کی خدمات کی مشکور ہیں جو اپنی ذہانت، مہارت اور تجربے کی بدولت امریکی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں
رکن کانگریس ایویتی کلارک نے کہا کہ آپ کو اپنا ہمسایہ ، دوست اور قریبی کہہ کر مجھے بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے۔دعا ہے کہ ہم آنے والے سالوں میں بھی امن اور اتحاد کےلئے مل کر کام کرتے رہیں اور پاکستان اور اس کے عوام کی نسل در نسل آزادی، خوشحالی اور فلاح کا جشن مناتے رہیں۔ٹیکساس سے رکن کانگریس پیٹ سیشنز نے کہا کہ آپ کے لئے آج کا دن اپنی خدمات پر فخر محسوس کرنے کا دن ہے۔امریکہ اور پاکستان کے لئے آپ کی خدمات پر میں آپ کو مبادکباد پیش کرتا ہوں۔ پیٹ سیشنز نے پاکستانیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
رکن کانگریس نکول مالیو ٹاکس نے اسٹیٹن آئی لینڈ اور جنوبی بروکلین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی کی خصوصی مبارکباد دی۔نکول مالیو ٹاکس نے کہا کہ ہم امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہیں اور پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور استحکام چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مضبوطی کے خواہاں ہیں۔خاتون رکن کانگریس زو لوفگرن نے کہا کہ وہ پاکستانی امریکیوں کی خدمات کے بارے میں ذاتی طور پر آگاہ ہیں۔ سیلیکون ویلی پاکستانی امریکیوں کی ایک بڑی اور متحرک کمیونٹی کا گھر ہے جو ہمارے ملک کی فلاح و بہبود میں بہت زیادہ حصہ ڈالتے ہیں۔
رکن کانگریس زو لوفگرن کا کہنا تھا کہ پاکستانی امریکیوں جیسی تارکین وطن کمیونٹیز کے مثبت کردار اور شراکت کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔