لاہور :پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان نے قوم کو دل سے جشنِ آزادی کی مبارکباد دی ہے اور وطن سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ “اتحاد، ایمان اور تنظیم صرف الفاظ نہیں بلکہ ہماری اصل طاقت ہیں۔ اگر ہم آج متحد رہیں تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔ پاکستان ہم سب کا ہے، اور ہم سب پاکستان کے ہیں۔”ابر اعظم نے نوجوانوں کو مثبت سوچ، اتحاد اور قومی خدمت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صرف کھیل ہی نہیں، ہر میدان میں پاکستان کو سرخرو کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے یومِ آزادی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا “قوم کو دل میں، اور قومی پرچم کو اپنی روح میں بسائے رکھتا ہوں۔ پاکستان ہمارا فخر، ہماری طاقت، اور امید کی وہ روشنی ہے جو کبھی بجھ نہیں سکتی۔ آئیں ہم سب مل کر اس کی حفاظت کریں، عزت کریں اور سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ بلند رکھیں۔”ادھر جارح مزاج اوپننگ بیٹر فخر زمان نے بھی وطن سے محبت کو اپنی کامیابیوں کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا “پاکستان سے ہماری محبت ہی ہمیں بڑے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت بنانے کا حوصلہ دیتی ہے۔ یہ محبت ہی ہمیں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا جذبہ دیتی ہے۔”
قومی کرکٹرز کے ان جذباتی پیغامات نے شائقین کرکٹ اور عوام کے دلوں کو گرما دیا، اور یہ پیغامات سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ عوام کی جانب سے ان کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہا جا رہا ہے، جو نہ صرف کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ قومی تہواروں پر بھی اپنی محبت کا خوبصورت اظہار کرتے ہیں۔