حکومت پاکستان نے کھیلوں کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی معروف شخصیات کو سول اعزازات دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعزازات ان کھلاڑیوں اور شخصیات کو دیے جائیں گے جنہوں نے اپنی محنت، لگن اور شاندار کارکردگی سے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت کھیلوں سے منسلک 10 شخصیات کو قومی اعزازات دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی، کوہ پیما شہروز کاشف، ملک محمد عطا (مرحوم) گھڑ سوار کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا جبکہ سابق ویمن کرکٹر ثنا میر اور ڈسک تھرو میں حیدر علی کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
ان کے علاوہ اسکواش میں حمزہ خان، شوٹنگ میں محسن نواز اور ٹینس کے شعبے میں راشد ملک کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔اس کے علاوہ شاہ زیب رند کو کراٹے اور محمد سجاد کو کبڈی میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کو 23 مارچ 2026 کو یوم پاکستان کے موقع پر اعلیٰ ترین قومی اعزازات سے نوازا جائے گا۔