اسلام آباد :عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے 23 اگست کو ہونے والا امن مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے دوران موجودہ ہنگامی صورتحال کے تناظر میں کیا۔
ایمل ولی خان نے خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ اضلاع کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دیا جائے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کے لیے ہنگامی امدادی پیکج کا فوری اعلان کیا جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اے این پی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کی گاڑیاں اور وسائل خیبر پختونخوا کو فراہم کیے جائیں تاکہ مقامی سطح پر ریسکیو آپریشنز مؤثر طریقے سے انجام دیے جا سکیں۔واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے قبل ازیں 23 اگست کو امن مارچ کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، تاہم موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیادت نے مارچ کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔