اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اے این پی کی اے پی سی میں نیشنل ڈائیلاگ کی تجویزسے اتفاق کر لیا۔
سینیٹرعرفان صدیقی نے پی پی پی کی کمیٹی بنانے کی تجویز کی حمایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ آپ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی تشکیل دیں، میں خود وزیراعظم شہبازشریف کے پاس یہ تجویز لے کر جاؤں گا، صوبے سر کا تاج ہیں، پنجاب کو گالی دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ شکایتوں، گلوں اور شکوؤں کو چھوڑ کر پاکستان کو پاکستان کے نکتہ نظر سے دیکھیں، آئین ہم سب کا ہے، اس پر کسی کو کلہاڑا نہیں چلانے دیں گے، مارشل لاء لگا ہوتا تو اسلام آباد میں ’’اے پی سی‘‘ میں یہ باتیں یوں کرنے کی آزادی نہ ہوتی۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج وفاق پاکستان اور اس کی ہر اکائی کی محافظ ہے جس نے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی ہے، اس کا جشن بھی منانا پاکستانیت ہے۔