لیہ:اسلم موڑ پر بنائے گئے شیڈز، سیڑھیوں اور چبوتروں کو مسمار کر دیا گیا
لیہ(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع لیہ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی خصوصی ہدایات پر لیہ سٹی میں عارضی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسلم موڑ کے اطراف میں قائم شیڈز، سیڑھیوں اور چبوتروں کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا گیا۔
آپریشن کی نگرانی سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا لیہ فہد نور اور ایم او آر میونسپل کمیٹی لیہ شبانہ رشید کر رہی ہیں۔ اس دوران پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کا عملہ فیلڈ میں متحرک رہا اور اسلم موڑ سے کلمہ چوک بائی پاس تک بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ متعلقہ افسران نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے تاجر برادری کو پہلے ہی نوٹسز جاری کر دیے گئے تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں اور اندرون بازار کسی بھی قسم کی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومتی ایس او پیز کے مطابق سڑکوں اور گلیوں کو آمد و رفت کے لیے کشادہ رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹریفک کا نظام بھی بہتر ہو۔
رپورٹ:ناصر حیات 03337012061