لیہ:شہریوں کے مسائل کا فوری اور شفاف حل ہماری اولین ترجیح ہے
لیہ (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی ریلیف ویژن کے تحت شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی سطح پر عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ڈپٹی کمشنر لیہ امیر ابیدار نے اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر شہریوں نے ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کے سامنے اپنے مسائل پیش کیے جن میں سرکاری دفاتر میں تاخیر، بنیادی سہولتوں کی کمی، نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور دیگر عوامی مشکلات شامل تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی سستی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی خدمت حکومت پنجاب کا مشن ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات بھی یہی ہیں کہ عوامی مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے حل کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کارکردگی میں بہتری اور عوام کے اعتماد میں اضافہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد یہ ہے کہ شہری بلا خوف و جھجک ضلعی انتظامیہ تک اپنے مسائل پہنچا سکیں اور انہیں اس بات کا یقین ہو کہ ان کی آواز سنی جا رہی ہے اور فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ مسائل کے حل کی رفتار مزید بہتر ہو سکے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور عوامی شکایات کے حل کے لیے یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔
رپورٹ:ناصر حیات 03337012061