لیہ:3 افراد کے خلاف مقدمہ درج، مزید قانونی کارروائی جاری
لیہ (نیوز رپورٹر) جدید ٹیکنالوجی کے منفی استعمال اور سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی تشہیر کے خلاف این سی سی آئی اے (نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی) نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ مقدمہ معروف ٹک ٹاکر نبیلہ چوہدری کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں غضنفر جعفری، رفیق تھہیم اور قلب صغریٰ چیمہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عبدالغفار کی ہدایت پر انسپکٹر سعید چوہدری نے کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور نامزد ملزم رفیق تھہیم کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مقدمے میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان نے اے آئی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرتے ہوئے نازیبا ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کیا۔ ساتھ ہی ساتھ، یہ افراد اپنے فیس بک پیج اور وی لاگز کے ذریعے غیر قانونی اور قابل اعتراض مواد شیئر کرنے میں بھی ملوث پائے گئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”روسٹ اٹ“ اس معاملے میں بنیادی کردار ادا کرتا رہا ہے، جس کی ہوسٹ قلب صغریٰ چیمہ، کوہوسٹ غضنفر جعفری اور ویڈیو میکر رفیق تھہیم تھے۔ ایک ماہ طویل تحقیقات کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔ گرفتار ملزم رفیق تھہیم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے نازیبا ویڈیوز تیار کیں اور انہیں پھیلایا۔ اسی طرح کو ہوسٹ غضنفر جعفری نے بھی بیان دیا کہ اس نے ہوسٹ کے کہنے پر غیر قانونی مواد سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ مزید برآں، اس نے اپنی ہوسٹ قلب صغریٰ چیمہ کے خلاف بیان حلفی بھی جمع کرا دیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق، سوشل میڈیا پر اس طرح کی غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر سب انسپکٹر سعید چوہدری نے کہا کہ نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد شیئر کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹ:ناصر حیات 03337012061