کیلیفورنیا: سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین کے لیے ایک نیا انقلابی فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی مدد سے ویڈیوز میں موجود آواز کا خودکار طور پر وائس ترجمہ کیا جا سکے گا۔
یہ فیچر سب سے پہلے گزشتہ سال ہونے والی سالانہ کانفرنس میٹا کنیکٹ 2024 میں متعارف کرایا گیا تھا، جہاں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ تخلیق کاروں کی آواز کو مختلف زبانوں میں ترجمہ کر کے ریلز میں شامل کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر یہ فیچر صرف انگریزی سے ہسپانوی اور ہسپانوی سے انگریزی ترجمے کے لیے دستیاب ہے، تاہم میٹا نے مستقبل میں مزید زبانوں کو شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
اس جدید ٹول میں ایک لب سنگ (Lip Sync) کا آپشن بھی موجود ہے، جس کی بدولت ترجمہ شدہ آواز کو ویڈیو میں ہونٹوں کی حرکت کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے، جس سے ناظرین کو ایک قدرتی اور مربوط تجربہ حاصل ہوگا۔فیچر کی دستیابی کے حوالے سے کمپنی نے بتایا ہے کہ:
تخلیق کار ویڈیوز شائع کرنے سے قبل اس ترجمہ فیچر کو آں یا آف کر سکتے ہیں اور ساتھ ہی لب سنگ کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔ ریلز دیکھنے والے ناظرین کو ویڈیو پر "Translated by Meta AI” کا نوٹس نظر آئے گا، جبکہ وہ اپنی سیٹنگز میں جا کر اس فیچر کو بند بھی کر سکتے ہیں۔
میٹا نے مزید اعلان کیا ہے کہ تخلیق کاروں کے لیے انسائٹس (Insights) میں ایک نیا سیکشن شامل کیا جا رہا ہے، جس کی مدد سے وہ یہ جان سکیں گے کہ ان کی ویڈیوز کو کس زبان کے ناظرین دیکھ رہے ہیں۔یہ نیا فیچر نہ صرف زبان کی رکاوٹ کو کم کرے گا بلکہ تخلیق کاروں کے عالمی ناظرین تک رسائی کو بھی ممکن بنائے گا۔