واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی کنٹرول سنبھالنے کے بعد سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
صدر ٹرمپ نیشنل گارڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ سڑکوں پر گشت کرتے رہے۔یہ دورہ اس وقت ہوا جب صدر نے واشنگٹن ڈی سی میں ایمرجنسی نافذ کرکے سیکیورٹی کا اختیار وفاق کو سونپ دیا تھا تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس دوران ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج امریکہ ماضی کی نسبت زیادہ محفوظ اور مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل ملک کی صورتحال انتہائی خراب تھی مگر سخت فیصلوں کی بدولت اب معیشت بہتر ہو رہی ہے۔صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ الیکٹرک ہوائی جہاز بنانے کی ٹیکنالوجی پر کام کر رہا ہے اور چین کی مصنوعی ذہانت کے مقابلے کے لیے تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات سے پانچ ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی گئی ہے، جو امریکی معیشت کی بحالی میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔