تونسہ / قصور:دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر شدید کٹاؤ کے باعث تین بستیاں مکمل طور پر دریا برد ہو گئیں جبکہ 90 سے زائد مکانات پانی میں بہہ گئے۔
درجنوں خاندان بےگھر ہو گئے ہیں اور کھلے آسمان تلے زندگی گزاررہے ہیں۔یونین کونسل مور جھنگی، ریتڑہ، ڈونہ اور سونرہ کے آس پاس کے 100 سے زائد دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں۔ زرعی رقبے بھی متاثر ہوئے ہیں اور فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، جس سے کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ادھر دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں قصور کے کم از کم 15 دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم متاثرہ علاقوں میں مزید امداد کی اشد ضرورت ہے۔