برطانیہ میں میوزک فیسٹیول کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے پر آئرلینڈ کے لوک بینڈ ‘دا میری واللوپرز (The Mary Wallopers) کو اسٹیج سے اتار دیا گیا۔
آئرلینڈ کے لوک بینڈ دا میری واللوپرز کی پرفارمنس پورٹسمتھ میں جاری تھی کہ اس دوران بینڈ نے فلسطین کا پرچم لہرایا اور Free Palestine یعنی آزاد فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔اس دوران منتظمین نے مائیکرو فونز بند کر دیے۔ بینڈ نے ابھی 20 منٹ ہی پرفارم کیا تھا مگر اسے اسٹیج سے نیچے اتار دیا گیا۔
میلے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ مائیکروفونز اس لیے بند کیے گئے کیونکہ بینڈ نے متعصبانہ الفاظ ادا کیے تھے اور اس کا تعلق فری پیلیسٹائن نعرے سے نہیں۔اس کے برعکس بینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی پرفارمنس کو فلسطینی پرچم اسٹیج پر لہرانے کے سبب روکا گیا۔ وہ یہ اقدام 6 برس سے کررہے ہیں اور ان کے ساتھ کبھی ایسا نہیں کیا گیا تھا۔
بینڈ نے کہا کہ فری پیلیسٹائن آل دے، ایوری ڈے۔ یعنی آزاد فلسطین پورا دن ہر دن۔بینڈ کے مداحوں نے میلے کی انتظامیہ کو بزدل قراردیا ہے۔واضح رہے کہ میری واللوپرز طویل عرصے سے فلسطینیوں کی حمایت کا اظہار کرتا رہا ہے اور گروپ نے پچھلے سال نومبر میں گیگ فار غزہ امدادی کنسرٹ بھی کیا تھا۔
شمالی آئرلینڈ کے بینڈ نیکیپ نے میری واللوپرز کا دفاع کیا اور کہا کہ نسل کشی کیخلاف انگلینڈ میں آواز بلند کریں تو آپ سے مجرموں جیسا برتاؤ کیا جاتا ہے۔نیکیپ کے سنگر لیم پر الزام ہے کہ انہوں نے پچھلے برس لندن میں حزب اللہ کا پرچم لہرایا تھا جس پر انہیں دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے۔