کینیڈا نے امریکا کی کئی مصنوعات پر عائد جوابی ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ کینیڈا امریکا سے آنے والی متعدد مصنوعات پر عائد جوابی ٹیکس ختم کر دے گا تاہم آٹو، اسٹیل اور ایلومینیم پر 25 فیصد محصولات برقرار رہیں گے۔وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں اور ہماری توجہ اسٹریٹجک شعبوں پر مرکوز ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل وزیر اعظم کارنی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔رپورٹس کے مطابق کینیڈا نے واشنگ مشینوں سمیت امریکا کی مختلف مصنوعات پر تقریباً 30 ارب کینیڈین ڈالر (21.7 ارب امریکی ڈالر) مالیت کے سامان پر 25 فیصد ٹیکس عائد کیا تھا اور یہ اقدام امریکا کی جانب سے کینیڈا پر عائد ٹیرف کے جواب میں اٹھایاگیا تھا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس حکام نے امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کو یہ قدم بہت پہلے اٹھانا چاہیے تھا۔