تربت: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع تربت کا دورہ کیا، جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی و معاشی بہتری کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل کو "فتنہ الہندوستان” کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز اور سیکیورٹی ڈائنامکس سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے علاقے میں امن و استحکام کے قیام اور عوامی ترقی کے لیے سول و ملٹری اشتراک پر زور دیا۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اچھی طرز حکمرانی، عوامی شمولیت اور ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام کی خوشحالی اور پائیدار ترقی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں قیامِ امن کے لیے جوانوں کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔