اسلام آباد : ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے 30 اگست تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خطرناک علاقوں میں جانے سے اجتناب برتیں۔دوسری جانب، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب آنے کے باعث درجنوں دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔ پانی کی سطح 21 فٹ سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں قصور کی ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے اور 30 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سندھ میں گڈو بیراج پر بھی اونچے درجے کا سیلاب رپورٹ ہوا ہے۔انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔