اسلام آباد: آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ چھ ہفتوں پر محیط اس قومی سطح کے تربیتی پروگرام میں پاکستان بھر کے 33 شہروں سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد تعلیمی اداروں کے 6500 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔
یہ انٹرن شپ نوجوانوں کو نہ صرف پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا ذریعہ بنی، بلکہ انہیں پاک فوج کے آپریشنل نظام، قومی سلامتی کے معاملات اور دفاعی اداروں کے کردار سے آگاہی کا عملی موقع بھی ملا۔طلبہ نے پی ایم اے کاکول، این سی ٹی سی پبی، اور پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ سمیت مختلف عسکری تنصیبات کا دورہ کیا، جہاں انہیں دفاعی تیاریوں، نظم و ضبط اور جدید جنگی مہارتوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔
انٹرنشپ میں ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت مختلف اہم قومی شخصیات نے طلبہ سے براہِ راست گفتگو کی، جس سے انہیں قیادت، وطن دوستی اور قومی خدمت کے جذبات کو مزید اجاگر کرنے میں مدد ملی۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء کو آئی ایس پی آر کی جانب سے اعزازی اسناد بھی دی گئیں، جبکہ طلبہ نے اسے ایک یادگار، سیکھنے سے بھرپور تجربہ قرار دیا۔