لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کے درمیان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان نئی ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریلوے سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں شرکت کی، جہاں ملک بھر خصوصاً بلوچستان میں ریلوے لائنز اور ٹرینوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ریلویز کی اراضی پر تجاوزات کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس میں نیشنل کانسٹینلری اور ریلویز پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی کے تعاون کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔محسن نقوی نے حنیف عباسی کو یقین دہانی کروائی کہ سیکیورٹی اقدامات میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ ریلوے نظام کو محفوظ اور فعال بنایا جا سکے۔