اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی عہدے سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کریں گے اور اپنی قانونی خدمات بلا معاوضہ جاری رکھیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ پارٹی چیئرمین اور کارکنان کے اعتماد پر شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی، آئین و قانون کے احترام، خواتین و اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مزدوروں کے مسائل کے لیے آواز بلند کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ روایتی سیاستدان نہیں بلکہ ایک پیشہ ور قانون دان ہیں، نہ جاگیردار ہیں اور نہ ہی سیاست کو ذاتی مفاد کے لیے اپنایا ہے۔ ان کے مطابق ان پر بیس جھوٹے دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے لیکن وہ ان مقدمات سے مرعوب یا خوفزدہ نہیں ہوئے۔ "مجھے جیل سے ڈر نہیں، میں اپنی قانونی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھوں گا”، سلمان اکرم راجہ نے کہا۔
انہوں نے اپنی وکالتی خدمات اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصغر خان کیس، این آر او، ٹیریان کیس، عدت، سائفر اور فوجی عدالتوں کے مقدمات میں عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں، جبکہ مخصوص نشستوں کا مقدمہ جیتنا پی ٹی آئی کے لیے بڑی کامیابی تھی۔سلمان اکرم راجہ نے ایک مرتبہ پھر اس بات پر زور دیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی ان کے قانونی مشیر کے طور پر بلا معاوضہ خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔