لاہور : پنجاب کے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج میں شدید طغیانی کے باعث مجموعی طور پر 14 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1692 موضع جات پانی تلے آ گئے ہیں۔
محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔اس وقت 355 ریلیف کیمپس میں 1372 متاثرہ افراد مقیم ہیں جبکہ 6 ہزار 656 متاثرین کو طبی امداد بھی فراہم کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 90 ہزار 348 افراد اور ایک لاکھ 54 ہزار 980 مویشیوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے۔
چناب کے ساحلی علاقوں میں سب سے زیادہ 991 دیہات زیر آب آئے ہیں، جبکہ سیالکوٹ میں 395، جھنگ میں 127، ملتان میں 124، چنیوٹ میں 48، گجرات میں 66، خانیوال میں 51، حافظ آباد میں 45، سرگودھا میں 41، منڈی بہاالدین میں 35 اور وزیرآباد میں 19 دیہات سیلاب کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔راوی کے ساحلی علاقوں میں نارووال کے 75، شیخوپورہ کے 4 اور ننکانہ صاحب کے ایک گاؤں میں پانی گھس گیا ہے۔ ان علاقوں سے 11 ہزار افراد اور 4500 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔
ستلج کے علاقوں میں بھی 361 دیہات متاثر ہوئے ہیں جن میں قصور کے 72، اوکاڑہ کے 86، پاکپتن کے 24، ملتان کے 27، وہاڑی کے 23، بہاولنگر کے 104 اور بہاولپور کے 25 دیہات شامل ہیں۔ یہاں سے بھی ایک لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد اور 70 ہزار مویشیوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے۔