پنجاب کے تینوں دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر جھنگ اور چنیوٹ کو بچانے کے لیے رواز برج کے قریب بند میں دھماکے سے شگاف ڈال دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 25 افراد جاں بحق ہوئے۔ 9 اضلاع میں 14 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔ 4 لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔حکام کے مطابق سیلاب سے پنجاب بھر میں ایک ہزار 839 موضع جات کو نقصان پہنچا۔ 34 لاکھ جانوروں کو بھی نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
قبل ازیں ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ راوی سے بڑا ریلاگزر چکا،جواب بلوکی سے گزر رہاہے، بھارت کی جانب سے مسلسل پانی آرہا ہے، شیخوپورہ، ننکانہ اور ساہیوال متاثرہوں گے۔ شہروں کو بچانےکئی علاقوں میں بند توڑے جائیں گے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ راوی میں فلوبڑھارہے گا لیکن جوپیک تھاوہ کم ہوگیا، یہ پانی ساہیوال، کمالیہ سے ہوتے ہوئے جائے گا، شیخوپورہ، ننکانہ، بلوکی ڈاؤن اسٹریم میں خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں 1988میں اتناپانی آیاتھا، اگلے 24 گھنٹے میں پانی کم ہوگا، بروقت رسپانس سے ایک بھی انسانی جان لاہورمیں ضائع نہیں ہوئی۔